ایک نیوز:ہفتے کے آخری تین دنوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور اتوار کو مال روڈ پر گاڑیوں کی آمدو رفت پر پابندی لگانے کے باوجود اسموگ تدارک کے لیے حکومتی اقدامات ناکام ثابت ہوئے اور لاہور ایک بار پھر دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں سرفہرست رہا۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کو آج بھی فضائی آلودگی سے نجات نہ مل سکی،لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے 378 اے کیو آئی کیساتھ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا۔مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی 424، عامر ٹاؤن کا اے کیو آئی 473 اور ڈی ایچ اے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 300 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پشاور 197 ائیر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود اور ہری پور 164 کے ساتھ تیسرے جبکہ اسلام آباد 159 اے آئی کیو کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری سموگ سے بچںے کے لیے ماسک کا استعمال لازمی کریں، اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے دھند میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا جبکہ کراچی فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔