متنازع ٹوئٹس پر گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کا 2روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Nov 27, 2022 | 13:29 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز:اسلام آباد کی مقامی عدالت نے متنازع ٹوئٹس کے کیس میں اعظم سواتی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈپرایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا،اعظم سواتی کو ڈیوٹی جج وقاص احمد راجہ کی عدالت میں پیش کیاگیا،ایف آئی اے پراسیکیوٹر ، پی ٹی آئی کی جانب سے بابراعوان، فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ایف آئی اے نے اعظم سواتی کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2022-11-27/news-1669537679-3947.mp4

تفتیشی افسر نے کہا کہ کچھ متنازعہ ٹوئٹس ہیں جس کے باعث گرفتار کیاگیا،بیانیہ بنایا جا رہا ہے ان چیزوں پر پہلے بھی ان پر ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے،انہوں نے ٹوئٹ سے انکار نہیں کیا،انہوں نے دوسری بار اس جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

بابراعوان نے کہاکہ ٹوئٹس ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات پر پورا نہیں اترتیں،پولیس کی جانب سے لئے گئے بیان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

بابر اعوان نےکہاکہ اعظم سواتی کا 164 کا بیان نہیں لیاگیا،سینیٹراعظم سواتی پر پچھلی بار بہیمانہ تشدد کیا گیا تھا،اعظم سواتی ابھی تک اس تشدد سے ریکور نہیں ہو سکے، اعظم سواتی کی جان کو بھی خطرہ ہے، یہ بیان دیں اگر ان کی کسٹڈی میں اعظم سواتی کو کچھ ہوا تو یہ ذمہ دارہوں گے ، یہاں جو ایف آئی اے کے لوگ موجود ہیں ان کا نام آرڈر شیٹ میں ڈالا جائے۔

جج نے کہاکہ صرف ان لوگوں کے نام شامل کروں گا جویہاں موجود ہیں،عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں عدالت نے اعظم سواتی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈپرایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

مزیدخبریں