ویب ڈیسک : ریستوران میں کھانا کھانے کے بعد ٹِپ کتنی دی جائے؟کن ممالک میں کھانا کھانے کے بعد کتنی ٹپ دی جاتی ہے،مختلف ممالک کے تبصرےسامنے آگئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس سابق (ٹوئٹر) پر ہینڈل ’ورلڈ آف سٹیٹسٹکس‘ نے ایک فہرست پوسٹ کی ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک میں سب سے زیادہ اور سب سے کم ٹِپ دینے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
اس پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آپ کو دنیا کے مختلف ممالک کے ریستورانوں میں اپنے کھانے کے بِل کا کتنا فیصد حصہ بطور ٹِپ دینا چاہیے۔
اگر آپ امریکہ کے کسی ریستوران میں کھانا کھاتے ہیں وہاں آپ کو اپنے بِل کے 20 فیصد حصے کو ٹِپ کے طور پر عملے کو دینا چاہیے۔
اسی طرح اگر آپ کینیڈا میں ہیں تو آپ کو اپنے کھانے کے بِل کا 15 سے 20 فیصد حصہ ٹِپ کی صورت میں دینا چاہیے۔
اگر آپ ناروے کے حسین دارالحکومت اوسلو میں کھانا کھاتے ہیں تو وہاں آپ کو اپنی جیب سے بِل ادا کرنے کے بعد اُس کا 10 سے 20 فیصد حصہ ٹِپ کی نظر کرنا چاہیے۔
اسی طرح میکسیکو میں 15 فیصد، ارجنٹائن میں 10 سے 15 فیصد جبکہ روس میں بھی 10 سے 15 فیصد تک ٹِپ دی جا سکتی ہے۔اگر آپ بنگلہ دیش میں ہیں اور وہاں کسی ریستوران میں کھانا کھاتے ہیں تو اُس کے لیے آپ کو 2 سے 10 فیصد تک ٹِپ دینا ہوگی جبکہ ویتنام میں 5 سے 10 فیصد اور وینزویلا میں بھی 5 سے 10 فیصد تک ہی ٹِپ دینا بہتر تصور کیا جاتا ہے۔
اںڈیا میں اگر آپ کسی ہوٹل میں سیر ہو کر کھانا تناول کرتے ہیں تو اُس کھانے کے بِل کا 7 سے 10 فیصد تک حصہ آپ کو ویٹرز کو دینا چاہیے۔
اسی طرح اگر آپ جنوبی کوریا، سنگاپور، نائیجیریا، جاپان، ڈنمارک، چین یا آسٹریلیا میں ہیں تو وہاں آپ اگر اپنی مرضی سے کچھ ٹِپ دینا چاہیں تو ٹھیک ورنہ اگر آپ بغیر ٹِپ دیے بھی آ جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔