رفح:اسرائیلی فوج  کا پناہ گزین کیمپ پر حملہ ،40سے زائد فلسطینی شہید 

May 27, 2024 | 13:52 PM

ویب ڈیسک: مغربی رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا ہے، بمباری سے40سے زائد فلسطینی شہید  او ر درجنوں زخمی ہوگئے ، اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق   اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف کا حکم ہوا میں اڑا دیا ،صیہونی فوج نے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں بمباری کی جس سے یواین کیمپ میں  آگ لگ گئی، آتشزدگی کے باعث بڑی تعداد میں شہری جھلس کر شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں ۔

 جھلسنےکے باعث کئی افراد کی حالت نازک ہے جبکہ شہادتوں  کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے، اس حوالے سے ریڈ کراس نے کہا  ہے کہ رفح میں واقع اس کے فیلڈ ہسپتال میں لانے والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ دیگر ہسپتال بھی بڑی تعداد میں مریضوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں جبالیہ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس میں 12 افراد شہید ہوگئے جبکہ گزشتہ 24 گھںٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے نصیرات ، غزہ سٹی اور تل السلطان کیمپ کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 160 فلسطینی شہید ہوگئے۔

صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی اسرائیل میں جنوبی غزہ کے علاقے رفح سے آٹھ راکٹ داغے گئے۔

پناہ گزین کیمپ میں شمالی غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں مقیم ہے۔

اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی طیاروں نےر ات رفح میں حماس کے ایک کمپاؤنڈ پر حملہ کیا، حملےکے مقام پر حماس کے اہم ارکان ٹھہرے ہوئے تھے۔

ادھر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کے لیے ایک "مضبوط" فلسطینی اتھارٹی کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب لبنان کی نیوز ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے ایتا الشعب میں اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم ایک شہری جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 36ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

مزیدخبریں