ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کاکہنا ہے کہ چیف جسٹس کی جانب سے آڈیو لیکس کمیشن کو کام سے روک دینا ہی ان کےگناہ گار ہونے کا ثبوت اور اعتراف ہے۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان شخص اپنے عہدے کو احتساب سے بچنے کیلئے بے دریغ استعمال کر رہا ہے، اگرآپ اور آپ کی ساس کا دامن صاف ہے تو کیا آپ کو قانون کا سامنا نہیں کرنا چاہیے؟
مریم نواز نے سوال کیا کہ کیا چیف جسٹس ہونے کے ناطے قانون آپ پر لاگو نہیں ہوتا؟ عمر عطا بندیال اپنےخاندان کو بچانے کیلئے قانون کامذاق، عدلیہ کا تماشہ بنانے کے جرم میں سزا کے حقدار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس کمیشن کے تحریری حکم اور کارروائی پر بھی حکم امتناع جاری کیا اور آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے قیام کا 19 مئی کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل کردیا۔