الخدمت فاؤنڈیشن کے ڈیزاسٹرمینجمنٹ پروگرام کے تحت ٹریننگ  ورکشاپ

الخدمت فاؤنڈیشن کے ڈیزاسٹرمنیجمنٹ پروگرام کے تحت ٹریننگ  ورکشاپ
کیپشن: Training workshop under Disaster Management Program of Al Khidmat Foundation

ایک نیوز :الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈیزاسٹرمینجمنٹ پروگرام کے تحت    رضاکاروں کے لیے 4 روزہ ٹریننگ  ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ پروگرام کے رضاکاروں کے لیے سنگھوٹہ سوات  میں 4 روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک بھر سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذمہ داران اور رضاکاروں نے شرکت کی۔ ٹریننگ ورکشاپ کا مقصد ریسکیو اور ریلیف میں جدید مہارتوں کے ذریعے  رضاکاروں کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔

ٹریننگ ورکشاپ میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدر  اعجاز اللہ خان، الخدمت ڈیزاسٹر منیجمنٹ پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر فضل محمود اور پروگرام منیجر آصف جمال سمیت ملک بھر سے 60 رضاکاروں نے شرکت کی۔

ٹریننگ  ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینرز فہیم احمد خان، ہارون الرشید اور اے ڈی لاشاری نے رضاکاروں کو خود کو محفوظ بناتے ہوئے آفات اور حادثات سے نبٹنے کےلئے احتیاطی تدابیر، ریسکیو، کیمپ منیجمنٹ، رَوپ ریسکیو، فلڈ منیجمنٹ، فرسٹ ایڈ اور بیسک لائف سپورٹ کورسز کی ٹریننگ دی۔ ورکشاپ میں رضاکاروں کو نقشوں اور ملٹی میڈیا کے ذریعے بریفنگ کے ساتھ ساتھ عملی مشقوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن کی ایک پہچان ہے۔ پاکستان میں آنے والے کسی بھی ناگہانی آفت اور حادثے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے ہر اول دستہ کی صورت موجود ہوتے ہیں۔ قدرتی آفات کو روکنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں لیکن مناسب تربیت اور حفاظتی انتظامات سے اس کی شدت اور ممکنہ نقصانات کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ الخدمت اپنے رضاکاروں کی ٹریننگ کے لیے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے انہیں ریسکیو اور ریلیف کی مکمل تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ خود کو محفوظ بناتے ہوئے کسی بھی ناگہانی آفت یا حادثے  کی صورت میں متاثرین کو بروقت مدد فراہم کرکے قیمتی جانیں بچا سکیں۔


 الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کےنیشنل ڈائریکٹر فضل محمود کاکہنا تھا کہ دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ایسی صورتحال میں رضاکاروں کے لیے ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت رواں سال ہر ریجن میں اسی طرز کی 4 روزہ جبکہ  اضلاع میں 1 روزہ ٹرینگ ورکشاپ کا  اہتمام کیا جائے گا۔ رواں سال اب تک الخدمت کی جانب سے رضاکاروں کو10 ٹرینگ سیشنز کروائے جا چکے ہیں جس میں 250 سے زائد افراد کو ٹریننگ دی  گئی ہے۔ الخدمت ایک لاکھ سے زائد افراد کو ٹریننگ دینے کا عزم رکھتی ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکیٹس اور بیجز بھی تقسیم کئے گئے۔