ایک نیوز :گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمان کاکہنا ہے کہ 28 مئی، 1998 کا دن ہماری سلامتی، دفاع اور قومی وقار و افتخار کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-05-27/news-1685193384-9130.mp4
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام یوم تکبیر کی سلور جوبلی کی مناسبت سے ایون قائد اعظم میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں سیف اللہ چوہدری، سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، میاں فاروق الطاف، سینیئر وائس پریزیڈنٹ نظریہ پاکستان ٹرسٹ، سینیٹر مشاہد حسین سید، مجیب الرحمٰن شامی، سلطان احمد علی، محترمہ مجیدہ وائیں بھی موجود تھیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کاتقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ28 مئی، 1998 میں اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہر قسم کے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا۔ پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا دیا۔آج ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو ، چیف سائنسدان مرحوم عبدالقدیر خان اور جس جس نے اس میں کردار ادا کیا اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں اور آرمی افسران کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے شہداء ہمارا فخر اور شہداء کی یادگاریں ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ کسی قوم کے لیے شہداء سے بڑھ کر کوئی محسن ہو سکتا ہے جو وطن کی سلامتی اور حرمت کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔کون سا ملک ایسا جہاں شہداء کی بے توقیری کی جاتی ہو! سانحہ 9 مئی ملک کا سیاہ ترین باب اور پوری قوم کے لیے شرمندگی کا دن ہے۔
گورنرمحمد بلیغ الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ سوائے ایک شخص کے تمام سیاستدان ہر قومی ایشو پر متحد ہوتے رہے ہیں۔ہمیں قابل نفرت رویوں کو روکنا ہو گا اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ہمارے دشمن ہمیں عدم استحکام اور اندرونی انتشار کا شکار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ دو قومی نظریہ اور قیام پاکستان کے اسباب و مقاصد کو بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہا ہے۔