ایک نیوز : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا ڈالرکے 310 تک پہنچنے پر اظہار تشویش ، کہتے ہیں حکومت کو فرق نہیں پڑتا عوام غربت اورمہنگائی کے بوجھ تلے کچلے جائیں گے۔
سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان نے ڈالرکی روز افزوں قیمت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 310 روپے میں فروخت ہورہا ہے اور ملک آج کل ریکارڈ کمر توڑ مہنگائی کےچُنگل میں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قرضوں کے حجم میں نہایت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ معیشت اسی تیزی سے سکڑ رہی ہے۔ ہماری مجموعی سالانہ آمدن تو اس سود کیلئے بھی ناکافی ہے جسے ہمیں اپنے قرضوں پر ادا کرنا ہے۔
ایسے میں جب معیشت ہماری نگاہوں کے سامنے بکھر رہی ہے، قوم پر مسلط فسطائی حکومت تحریک انصاف کو کچلنے کیلئے جبر و ستم کے نت نئے طریقوں کی ایجاد میں لگی ہوئی ہے۔ پی ڈی ایم قیادت کو روپے کی قدر میں اس تاریخی گراوٹ سے یقیناً کچھ فرق نہیں پڑتا کیونکہ ناجائز طریقوں سےجمع کی گئی انکی ساری دولت ڈالروں کیصورت میں بیرون ملک چھپائی گئی ہے۔ پی ڈی ایم قائدین کیلئے تو روپے کی قدر میں گراوٹ سود مند (منافع بخش) ہے جبکہ پاکستان کے عوام غربت اور مہنگائی کے بوجھ تلے کُچلے جائیں گے۔