ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جوہرٹاؤن میں واک این شاپ ایرینا اور اکبرچوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے واک این شاپ ایرینا کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے ایرینا میں اٹالین، امریکن، چائنیز، سپانش اور مغلیہ طرز کے پویلین دیکھے اور اس کی جلد نیلامی کی ہدایت کردی۔ اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو شفاف انداز سے نیلام کیا جائے۔ جوہر ٹاؤن، خیابان فردوسی پر واقع واک این شاپ ایرینا سرمایہ کاروں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گا۔ اس پراجیکٹ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔ سرمایہ کاری کے لیے ملکی و غیر ملکی کمپنیوں سے رابطہ کیا جائے۔
کمشنر لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے نے نگران وزیراعلیٰ کو منصوبے کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واک این شاپ ایرینا 130 کینال پر تعمیر کیا گیا ہے۔ واک این شاپ ایرینا کو بین الاقوامی طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔ ایرینا میں کاروبار کے لیے مختلف سائز کے 84 یونٹس اور روف ٹاپ ریسٹورنٹ کے مواقع موجود ہیں۔ واک این شاپ ایرینا میں 500 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت موجود ہے۔ ایرینا میں بچوں کی تفریح، زیپ لائن، رولر کوسٹر، امیوزمنٹ پارک سمیت دیگر سہولیات موجود ہوں گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا اکبرچوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ:
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور اسے ہر صورت اگست میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ اپنے بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ٹاؤن شپ، پیکو روڈ، کینال روڈ، کوٹ لکھپت اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے رہائشی مستفید ہوں گے- روزانہ 2 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی- پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا جائے گا۔
محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکبر چوک، شوق چوک، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ اور مادرملت پر پروٹیکٹیڈ یوٹرن بھی بنائے جائیں گے- جناح ہسپتال سے پیکو موڑ تک دونوں اطراف میں فلائی اوورز بنائے جائیں گے۔ کالج روڈ، اکبر چوک کے اطراف میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفرعلی ناصر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔