ایک نیوز: وزیراعظم شہبازشریف سے آج اہم رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔ جس میں بجٹ کے امور سمیت دیگر امور زیرغور آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے ملاقات کی ہے۔ وزیرِ مملکت نے وزیرِ اعظم کو آئندہ بجٹ پر پیش رفت، عوامی ریلیف اور ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ ملکی معیشت کو مشکل حالات سے استحکام کی طرف لے کر آئے۔ مشکلات کے باوجود معاشی ٹیم نے معیشت کے استحکام کیلئے محنت جاری رکھی جو لائقِ تحسین ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب میں متاثرین کو مالی مدد و بحالی کی مد میں بڑا ریلیف پیکیج دیا۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے معاون خصوصی شزافاطمہ خواجہ کی ملاقات:
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے معاونِ خصوصی شزا فاطمہ خواجہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو یکساں ترقی کے مواقع اور باوقار روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حال ہی میں کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز کے افتتاح پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیتے دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کومثبت سرگرمیوں میں اپنی توانائیوں کے بھرپور استعمال کے مواقع فراہم کرکے انہیں منفی پراپیگینڈے کے اثرات سے بچانا ہے۔
معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ نے وزیرِ اعظم کو یوتھ پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس شروع کیے گئے یوتھ پروگرام کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنر کی پیشہ ورانہ تربیت دی جا چکی جبکہ 40 ہزار نوجوانوں کی مفت تربیت کا پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر کاروبار اور زراعت کیلئے نوجوانوں کو آسان شرائط پر 13.5 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ چند ماہ میں 16.5 ارب روپے کے مزید قرضے فراہم کئے جائیں گے۔
وزیرِاعظم نے یوتھ پروگرام پر پیش رفت کو سراہا۔
وزیراعظم سے راجا ریاض اور نواب شیروسیر کی ملاقات:
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض اور رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔