مبینہ آڈیو لیکس تحقیقات: جوڈیشل کمیشن نے دفتری سامان واپس بھجوا دیا

May 27, 2023 | 14:52 PM

ایک نیوز: مبینہ آڈیوز کی تحقیقات کیلئے قائم انکوائری کمیشن کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق انکوائری کمیشن کے لیے کیمرے، کمپیوٹر، پرنٹر و دیگر سامان واپس بھجوا دیا گیا۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے انکوائری کمیشن کی کاروائی روک دی تھی۔ انکوائری کمیشن نے جدید آلات کے ذریعے کاروائی کو آگے بڑھانا تھا۔

دریں اثناء مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی روک دی گئی۔ آج کی کارروائی کا ایک صفحہ پر مشتمل مختصر حکمنامہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق اٹارنی جنرل نے گزشتہ روز کا عدالتی حکم پڑھ کر سنایا۔ عدالتی فیصلے کے بعد جوڈیشل کمیشن کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔ 

جوڈیشل کمیشن کا دوسرا اجلاس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے ریمارکس دیے کہ ہم صرف اللہ کے غلام ہیں اور کسی کے نہیں۔ سماعت سے قبل نوٹس ہی نہیں تھا تو کام سے کیسے روک دیا گیا۔  

سربراہ کمیشن نے اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ آپ کل کمرہ عدالت میں کیوں تھے؟ کیا آپ کو نوٹس جاری ہوا تھا یا ویسے ہی بیٹھے تھے۔ اٹارنی جنرل نے جوا ب دیا کہ زبانی بتایا گیا تھا کہ آپ عدالت میں پیش ہوں تاہم سماعت کے بعد نوٹس جاری کیا گیا۔ 

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بولے کہ آڈیو کی صداقت جانے بغیر کیا کسی کی زندگی تباہ کر دیں۔ کس نے آڈیو ریکارڈ کی وہ بعد کی بات ہے۔ شعیب شاہین میڈیا پر تقریریں کر رہے ہیں یہاں آنے کی زحمت تک نہیں کی۔ حکمنامے میں میرے کیس کا تذکرہ بھی کیا گیا جبکہ اس کامعاملہ ہی الگ تھا۔

سانحہ کوئٹہ کا ذکر کرتے ہوئے سربراہ کمیشن جذباتی ہو گئے۔ کہا ہمیں اسطرح کی دردناک تحقیقات کرنی پڑتی ہے اور اب ہمیں ٹاک شوز میں کہا جائے گا کہ آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں