ایک نیوز :امریکا کی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرجوبائیڈن کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکا کی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن احتجاج کرنے والوں کو کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں امریکا کی رکن کانگریس نے لکھا کہ امریکی ایوانِ کانگریس کے پاکستان کاکس کے بانی اور سربراہ کی حیثیت سے میں پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور حکومت کی پرامن مخالفت کا اظہار کرنے والوں کے تحفظ کے فقدان کی رپورٹس کے بارے میں انتہائی فکر مند ہوں۔
شیلا جیکسن نے لکھا کہ میں صدر جوزف بائیڈن اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھوں گی کہ وہ اپوزیشن اور دیگر کے خلاف انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کے خاتمے پر زور دیں اور اس کے علاوہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ہم امریکا اور پاکستانی تعلقات اور ایک جمہوری پاکستان کو فروغ دیتے رہیں۔