ایک نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی سیکورٹی اجلاس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے اوردہشتگردی کےخاتمےکے عزم کا اظہار کیا گیا ۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سیکیورٹی ایجنسیز کے سربراہ ، وفاقی وزرا، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اعلامیہ کےمطابق ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونے والے گھناؤنے حملے پر تبادلہ خیال کیاگیا،وزیر اعظم نے حملے کے بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نےکہاکہ وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا ،پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی لوگوں نے حملے کا جواب دیا،حملے سے بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔
وزیر اعظم نے ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔
اعلامیہ میں کہاگیاکہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی روکنے کے لیے دہشتگردی کو ہتھیار بنایا ہے، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر دونوں آہنی بھائیوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے،اجلاس کے شرکانے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔