ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جسٹس منصور علی اور جسٹس مندوخیل کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیےکی جیت ہے، بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہو گا؟
جس جس نے بھی عمران کی سہولت کاری کی، بدنامی و رسوائی اس کا مقدر بنی۔ عمران ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے تاکہ یہ ملک آگے نا بڑھ پائے اور ہر وہ ہاتھ جو اس شیطانی کھیل کو مضبوط کرنے کے لیے اٹھتا ہے، اسی کھیل کا حصہ تصور کیا جائے گا۔ https://t.co/fRh6AJhRIK
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 27, 2023
تفصیلات کےمطابق مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں نواز شریف کے خلاف غیر منصفانہ، انتقامی فیصلے، گواہیاں عوام کے سامنے لانےکا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں عمران خان اور اس سہولت کاروں کے بارے میں تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی۔پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، اب ہمیں پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، ٹیریان، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ مقدمات میں عمران خان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ عدلیہ میں موجود عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں، نواز شریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے۔
اس سے قبل اپنے ٹویٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ جس نے بھی عمران خان کی سہولت کاری کی، بدنامی و رسوائی اس کا مقدر بنی ہے۔ عمران ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے تاکہ یہ ملک آگے نا بڑھ پائے۔ہر وہ ہاتھ جو اس شیطانی کھیل کو مضبوط کرنے کے لیے اٹھتا ہے، اسی کھیل کا حصہ تصور کیا جائے گا۔