ایک نیوز: پشاورکےنواحی علاقہ ہزارخوانی میں شہریوں نے مفت آٹا تقسیم کرنے والے دو ٹرک لوٹ لئے۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی کاجن بےقابوہے،عوام دووقت کی روٹی کیلئےترس رہےہیں وہیں حکومت کی جانب سےشہریوں کومفت آٹےکی تقسیم کاسلسلہ جاری ہے۔ پشاورکےنواحی علاقہ ہزارخوانی میں ترسےشہریوں نے مفت آٹےکےٹرک پردھاوا بول دیا۔ شہریوں نے مفت آٹا تقسیم کرنے والے دو ٹرک لوٹ لئے۔انتظامیہ ٹرکوں کو سکیورٹی دینے میں ناکام رہی،سینکڑوں شہری مفت آٹا لوٹ کر چلتے بنے۔
واضح رہے کہ دھمیال کیمپ کے علاقے میں لوگوں نے مفت آٹے کا ٹرک لوٹ لیا تھا ۔ جس کے بعد فلور مل مالکان نے مفت آٹے کے سیل پوائنٹس پر سیکورٹی بڑھانے کی اپیل کی تھی۔ فلور مل مالکان کا کہنا تھا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر معاملے کا نوٹس لیں، اگر یہی صورت حال رہی تو آٹا نہیں دینگے۔
ملک بھر میں مفت آٹے کی تقسیم میں بھگدڑ مچنے سے40 سالہ شخص سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ چارسدہ میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھَگدڑ مچنے سے 40 سالہ شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
بنوں میں بھی مفت آٹے کی فراہمی کیلئے مختص کیے گئے پوائنٹ نمبرسات بنوں فلور مل پر مفت آٹے کے انتظار میں کھڑے لوگوں پر دیوار گر گئی تھی۔ دیوار گرنے سے دو افراد گل آزاد اور گل خان جاں بحق ہو گئے اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
بہاولپورمیں بلدیہ روڈ پر سرکاری آٹے کے سیل پوائنٹ پر آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں بھگدڑ کے باعث 8 خواتین شدید زخمی ہوئی تھیں جبکہ ایک خاتون کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی تھی۔؎
چن آباد میں سابقہ نادرا آفس کے قریب مفت آٹا پوائنٹس پر شہریوں کے انتہائی رش اور بدنظمی کے باعث بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں کئی مرد اور خواتین پاؤں تلے کچلے گئے تھے. بھگدڑ مچنے پر سیکورٹی پر معمور اہلکار زخمیوں پر ڈنڈے برساتے رہے تھے. موقع پر موجود لوگ اپنے پیاروں کو زخمی ہونے سے بچاتے اور رش سے باہر نکالنے کی کوشش کرتے رہے تھے . بھگدڑ کے دوران اے سی آفس کا عملہ بھی زد میں آگیاجس میں اسسٹنٹ کمشنر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے.