ایک نیوز: پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ 2023 میں بھارت کی جانب سے شرکت سے انکار کے بعد بھارت کے میچز نیوٹرل مقام پر کروانے کیلئے فارمولا تیار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کے اس اقدام کے بعد پاکستان کا بھی ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے دیگرنیوٹرل مقام پر کھیلنے کا امکان ہے۔ دبئی میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے ایشیاکپ کیلئے نیا فارمولا پیش کیا جس کے مطابق ایشیا کپ کے بھارت کے میچز کسی تیسرے ملک میں ہوں جب کہ باقی ٹیموں کے مقابلے پاکستان میں ہوں۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جانا ہے اور اس کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے۔ بھارت کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹیم انڈیا ٹورنامنٹ کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی۔ جس پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے بیچ میچز غیرجانبدار مقام پر کھیلے جائیں گے۔ جبکہ باقی میچز بدستور میزبان ملک پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں شریک 5 ٹیموں کے بھارت کے مقابلے متحدہ عرب امارت میں ہوں گے ۔ ایشیا کپ کا انعقاد 1984 سے کیا جا رہا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہو گا کہ ٹورنامنٹ دو ممالک میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کے علاوہ عمان، متحدہ عرب امارات، سری لنکا یا انگلینڈ میں سے کسی ایک ملک میں میچ کھیلے جا سکتے ہیں۔ صرف بھارت کے میچ دوسرے ملک میں ہونے ہیں۔ اگر ٹیم انڈیا فائنل میں پہنچتی ہے تو فائنل بھی پاکستان میں نہیں ہوگا۔