ہم تھکے نہیں، لاہور جلسے کے بعد ہمارے ارادے مزید پختہ ہوگئے، یاسمین راشد

ہم تھکے نہیں، لاہور جلسے کے بعد ہمارے ارادے مزید پختہ ہوگئے، یاسمین راشد
کیپشن: We are not tired, our intentions have become more firm after the Lahore rally, Yasmeen Rashid(file photo)

ایک نیوز: پی ٹی آئی رہنما نے نگران حکومت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے ن لیگ کی باندی قرار دیدیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حسان نیازی ایک وکیل ہے اس کے ساتھ یہ سب کررہے ہیں ان کو شرم آنی چاہیے۔ انتخابات کوئی نہیں روک سکتا اور عمران خان کو بھی کوئی نہیں روک سکتا۔ ہم بالکل نہیں تھکے لاہور کے جلسے کے بعد ہمارے ارادے مزید پختہ ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی کوئی ایسا فنکشن ہوتا ہے جس میں عوام باہر نکلتی ہے تو حکومت کو اور غصہ چڑھ جاتا ہے۔ حکومت نے ہر اوچھے ہتھکنڈے سے جلسے کو روکنے کی کوشش کی لیکن آپ کے سامنے ہے ایک بھرپور جلسہ ہوا۔ جس نے پرانے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اب اس غم میں کوشش کررہی ہے کہ روز نئے سے نئے کیسز بنائے۔ افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ یہ کوئی طریقہ ہے؟ اس طرح بھی بھلا کوئی حکومت چلی ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نگران حکومت ہے جس کا یہ کام نہیں تھا۔ نگران حکومت کا کام الیکشن کروانا تھا۔ لیکن یہ باقاعدہ ن کے باندی بن کر کام کررہے ہیں۔ افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ مذمت کے علاوہ ان کے پاس الفاظ نہیں۔