نگران وزیراعلیٰ کا ماڈل بازارٹھوکر نیازبیگ کا اچانک دورہ، عوام کی شکایات سنیں

Mar 27, 2023 | 12:51 PM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ماڈل بازار ٹھوکر نیاز بیگ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے مفت آٹے کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مرد و خواتین سے آٹے کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ مرد و خواتین نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کے حوالے سے شکایات کیں۔

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ان کے حل کے لئے ہدایات جاری کیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام سے بات چیت کرکے مسئلے کو حل کیا جا رہا ہے اور سنٹرز پر انتظامات کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو عزت کے ساتھ آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کی سہولت کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سنٹرز پر بدنظمی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ سنٹرز پر آنے والے شہریوں کو گائیڈ کیاجائے اور چکر نہ لگوائے جائیں۔ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخو ں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔ 

محسن نقوی نے بعض مرد و خواتین کے شناختی کارڈز کی خود تصدیق کرائی اور آٹے کے تھیلے کا وزن بھی چیک کیا اور کہا کہ 29 مارچ سے سنٹرز پر ایک تھیلا حاصل کرنے والے خاندان کو آئندہ بیک وقت 20 کلو آٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز رمضان ریلیف پیکیج سے شہریوں کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے۔

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب پنڈی بھٹیاں پہنچے۔ ہیلی کاپٹر پر بیٹھے وزیراعلی نے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے لینڈ نہ کیا۔ وزیراعلی  کا ہیلی کاپٹر ڈیڑھ منٹ تک ہوا میں جائزہ لینے کے بعد واپس لوٹ گیا ۔

وزیراعلی  کا  ہیلی کاپٹر دیکھتے ہی انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ پبلک پارک  آٹا پوائنٹ پر بدنظمی سےبھگدڑ مچ گئی۔ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔ گول چوک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔شہریوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ  وزیراعلی  اگر پوائنٹس کا وزٹ کرتے تو عوام کے ساتھ سلوک کا پتہ چل جاتا۔ آٹا پوائنٹس پر ناقص انتظامات کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں