حسان نیازی کی گرفتاری، لاہوربار کی کال پر عدالتوں میں جزوی ہڑتال شروع

حسان نیازی کی گرفتاری، لاہوربار کی کال پر عدالتوں میں جزوی ہڑتال شروع
کیپشن: Arrest of Hasan Niazi, partial strike started in courts on the call of Lahore Bar(file photo)

ایک نیوز: حسان نیازی کی گرفتاری اور عدالت میں پیشی کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ لاہور بار نے ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی کال دیدی۔

تفصیلات کے مطابق حسان نیازی کی گرفتاری اور رانا آصف وکیل کے معاملے کو جلد حل کرنے کے معاملے پر لاہور بار ایسوسی ایشن نے ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی کال دے دی۔ لاہور بار کی کال پر ماتحت عدالتوں میں وکلاء کی جزوی ہڑتال جاری ہے۔ جس کے بعد عدالتوں میں کیسز کو بغیر کارروائی ملتوی کیا جانے لگا ہے۔ 

لاہور بار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حسان نیازی کی گرفتاری کے خلاف اور رانا آصف وکیل کے ایشو  کو جلد  حل کے لیے ہڑتال کی کال دی۔ حسان نیازی کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ لاہور بار کی قیادت نے متفقہ طور پر ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ 

دوسری جانب لاہورپولیس ظل شاہ کیس میں عمران خان کے بھانجھے پی ٹی آئی کے فوکل پرسن حسان نیازی کو لے کر لایور پہنچ گئی۔ کوئٹہ پولیس نے حسان نیازی کو تھانہ ریس کورس لاہور میں درج مقدمہ کے تفتیشی افسر انسپکٹر عدنان بخاری کے حوالے کیا تھا۔ 

پنجاب کے محکمہ داخلہ کی طرف سے بلوچستان حکومت کو مراسلہ لکھا گیا تھا۔ حسان نیازی کو راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حسان نیازی متعدد مقدمات میں انویسٹی گیشن پولیس کو مطلوب تھا۔ حسان نیازی کو صبح 10 بجے دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔ 

حسان نیازی کو ظل شاہ قتل اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ نمبر 388/23 میں دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔ جہاں پولیس کی جانب سے حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جانی تھی۔