اقلیتی طلبا کواسکول میں ان کےاپنے  مذاہب کی کتب پڑھائی جائیں گی

Mar 27, 2023 | 00:49 AM

ایک نیوز : پاکستان  اقلیتی طلبا کو اسکولوں میں ان کے اپنے مذاہب کی درسی کتابیں پڑھنے کی اجازت دے دی گئی، نیشنل بک فاؤنڈیشن ان طلبا کے لیے کتابیں شائع کرے گی۔ 

تفصیلات کےمطابق ہندوازم، عیسائیت، بدھ ازم، سکھ ازم، بہائی، کلاشا اور زرتشت اقلیتوں کے طلبا پہلی سے تیسری جماعتوں تک اپنے مذاہب کی معلومات پر مشتمل درسی کتب پڑھ سکیں گے ۔

فی الحال اس کا اطلاق وفاقی دارالحکومت میں قائم تعلیمی اداروں اور وفاقی وزارت تعلیم کے ماتحت اسکولوں پر ہوگا۔ قبل ازیں اقلیتی طلبا کو تعلیمی اداروں میں رائج اسلامیات کے بجائے اخلاقیات کی درسی کتب پڑھائی جارہی تھیں۔

نیشنل کریکولم کونسل کی سربراہ مریم چغتائی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کتابیں تیار کرائی جارہی ہیں ان کا مسودہ ہم صوبائی حکومتوں کو بھی بھجوارہے ہیں اگر کوئی صوبہ ہم سے ڈیمانڈ کرے گا تو وہ اپنے متعلقہ بک بورڈ کے ذریعے ان کتابوں کی اشاعت کراسکتا  ہے۔  پنجاب سے ہمیں اس سلسلے میں درخواست موصول ہوئی ہے،  پنجاب اپنے اسکولوں میں اقلیتی طلبا کو ان کے مذاہب کے مطابق درسی کتابیں پڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ این او سی کے مطابق ابتدائی طور پر یہ کتابیں اردو زبان میں شائع ہوں گی جس میں بہائی فرقے کے لیے پہلی سے پانچویں جماعت تک درسی کتابیں شائع ہوں گی جبکہ ہندوازم، کلاشا، زرتشت ، بدھ ازم اور سکھ ازم کے لیے گریڈ 1 سے 3 تک  اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والےگریڈ 1 سے 4 تک کے  طلبااپنی مذہبی معلومات پر مشتمل درسی کتب پڑھ سکیں گے ۔

مزیدخبریں