ایک نیوز کے مطابق کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ عثمان بھی شہریوں کو آگاہی دینے میدان میں آگئے ۔ جیل روڈ اور داتا گنج بخش ٹاؤن میں ماسک تقسیم کیے ۔ کمشنر لاہور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومتی ہدایات کی پاسداری نہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مشترکہ ٹیمیں اور کنڑول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
کورونا کی تیسری جان لیوا لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے این ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف ہسپتالوں کو ایک سو چوبیس وینٹی لیٹرز فراہم کر دیئے ۔این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق لاہور کے ہسپتالوں کو مجموعی طور پر ستر وینٹی لیٹرز فراہم کئے گئے ہیں جبکہ نشتر ہسپتال ملتان کو اٹھارہ ، ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد اور گوجرانولہ کو آٹھ آٹھ وینٹی لیٹرز فراہم کئے گئے ہیں ۔
دوسری جانب سی سی پی او لاہور نے حکم دیا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مل کر کارروائیاں کرے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شادی ہالز، پبلک مقامات پر سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کر دیا جائے گا۔