تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مہنگائی ریکارڈ توڑنے لگی ،پنجاب میں مرغی کی قیمت میں ہوش ربا اضافے نے غریبوں کو توانائی سے بھرپور غذا کے واحد ذریعے سے بھی محروم کر دیا ،راولپنڈی میں چکن کی قیمت ساڑھے چار سو روپے کلو ہو گئی ۔ لاہور ،فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی مرغی کی قیمت پونے چار سو کے لگ بھگ ہونے کی وجہ سے چکن متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہو گیا ہے۔
ادھر پولٹری ٹریڈرز نے عید پر مرغی کا گوشت پانچ سو روپے کلو تک پہنچنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر طارق جاوید کا کہنا ہے کہ صوبے میں مرغی کا بحران مصنوعی ہے جس کی ذمہ دار انتظامیہ اور مرغی کی فیڈ امپورٹ کرنے والے ہیں ،،حکومت قیمتوں کے حوالے کسی قسم کا کمیکنزم بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہے کیونکہ حکومتی ایوانوں میں وہ لوگ موجود ہیں جو پولٹری کاروبار کرتے ہیں ۔