ایک نیوز:خیبرپختونخواکابینہ نے9مئی کےواقعات کی تحقیقات کی منظوری سمیت اہم فیصلےکرلئے۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا۔جس میں اہم فیصلےکرلئے گئے۔
صوبائی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی منظوری دے دی ۔ کابینہ نے ڈی آئی خان کی سب ڈویژن کلاچی میں پولیس کے لئے 565 آسامیوں کی تخلیق کی منظوری بھی دی۔ نئی آسامیوں میں 5 سب انسپکٹرز، 10 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 50 ہیڈ کانسٹیبلز اور 500 کانسٹیبلز شامل ہیں۔ نئی آسامیوں کی تخلیق پولیس کو مستحکم کرنے کی پالیسی اور امن و امان کی بہتری کے لئے کیا گیا۔
کابینہ اجلاس کے فیصلے کابینہ نے پشاور، سوات اور ایبٹ آباد کے طرز پر دیگر ڈیویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ٹریفک وارڈن نظام متعارف کرانے کی بھی منظوری دی۔ ٹریفک وارڈن سسٹم کے لیے1179 پوسٹوں کی تخلیق کی جائے گی ، آسامیوں میں سپرنٹنڈنٹ پولیس، ٹریفک آفیسر، سینئر وارڈن، وارڈن، ہیڈ کانسٹیبل اور جونیئر پیٹرولنگ آفیسر شامل ہیں۔
کابینہ نے کیڈٹ کالج رزمک، کیڈٹ کالج سپینکئی اور کیڈٹ کالج وانا کے لئے 319.627 ملین روپے کے اضافی فنڈ کی منظوری دی ۔ کابینہ نے اسلام آباد اور ایبٹ آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤسز اور پشاور میں شاہی مہمان خانہ کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کی منظوری بھی دےدی۔ کابینہ نے 53 کلومیٹر 'بورڈ یختنگی،پورن،مارتونگ سڑک اور 18 کلو میٹر کالام،اتروڑ گبرال سڑک کو صوبائی اختیار میں لانے کی منظوری دی۔