ویب ڈیسک: آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیاہے۔
جنوبی افریقی بولرز کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پروٹیز کو جیت کیلئے صرف 57 رنز کا ہدف دیا، جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 8.4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔
ٹرانیڈاڈ ٹوباگو ویسٹ انڈیز میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کھیلا گیا جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی بیٹنگ
جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی پوری ٹیم محض 11.5 اوورز میں 56 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
پروٹیز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ان فارم افغانستان کے بیٹرز خزاں کے پتوں کی طرح جھڑ کر پویلین لوٹتے رہے۔
افغانستان کے عمر زئی کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا، افغانستان کی جانب سے صرف عظمت اللہ عمر زئی 10 رنز بنا سکے جبکہ رحمان اللہ گر باز، محمد نبی اور نو ر احمد صفر پر آؤٹ ہو ئے۔
ابراہیم زدران 2،گلبدین نائب 9، ننگیالیا خروٹے2، کریم جنت 8، راشد خان 8 اور نوین الحق 2 رنز اسکور کر پائے۔
جنوبی افریقا کے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3،3 جبکہ کگیسو رباڈا اور اینرک نورکیا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح میگا ایونٹ میں حیران کن نتائج دینے والی افغانستان چوکرز جنوبی افریقن سے مات کھا کر حیران ہوگئی۔
جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف 9 ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرکے پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔
افغانستان کیخلاف اننگز اوپن کرنے کیلئے آنیوالے جنوبی افریقی بیٹر کوئنٹن ڈی کوک 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس کے علاوہ ریزا ہینڈرکس نے 29 اور کپتان ایڈرن مارکرم نے 23 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
افغانستان کی جانب سے اننگز کی واحد وکٹ فضل حق فاروقی نے حاصل کی۔
جنوبی افریقا کو 2009 اور 2016 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کا سامنا رہا تھا تاہم اس بار جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل جیت کر خود کے چوکرز ہونے کا داغ بھی دھودیا اور اب دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے جنوبی افریقا کا فائنل 29جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔
آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان شام ساڑھے سات بجے پروویڈینس میں ہوگا، ایونٹ کا فائنل ہفتہ 29 جون کو برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان نے سپر 8 مرحلے میں ایونٹ کی خطرناک ٹیم آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔
اس کے بعد افغانستان کی ٹیم نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
جنوبی افریقا کی ٹیم نے سال 2009 اور 2014 میں سیمی فائنل کھیلا تھا لیکن اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس مرتبہ وہ ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا عزم لیکر میدان میں اتری ہے۔