دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز تیار

دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز تیار
کیپشن: دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز تیار

ایک نیوز :دنیا میں پہلی بار ریکارڈ 1200 فٹ لمبا بحری جہاز تیار کرلیا گیا، جس کی پہلی کامیاب آزمائشی سواری بھی کرلی گئی۔
تفصیلات کےمطابق اگرچہ دنیا میں ماضی میں 1187 فٹ لمبے بحری جہاز بنائے جا چکے ہیں، تاہم اب پہلی بار ریکارڈ 1200 فٹ لمبا بحری جہاز تیار کرلیا گیا، جس کی پہلی کامیاب آزمائشی سواری بھی کرلی گئی۔
بحری جہاز بنانے والی کمپنی ’رائل کیرییبین انٹرنیشنلز آئیکون‘ کی جانب سے اب دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز تیار کرلیا گیا، جس میں سفر کو خوبصورت اور یادگار بنانے کے لیے تمام تر سہولیات دستیاب ہوں گی۔
دنیا کے سب سے بڑے بحری جہاز کو ’آئیکون آف دی سیز‘ کا نام دیا گیا ہے جو مجموعی طور پر 1200 فٹ لمبا اور 165 فٹ تک چوڑا ہے اور اس میں ایک ہزار کے قریب پرتعیش کمرے یا کیبن موجود ہیں۔
مذکورہ بحری جہاز میں 6 بڑے سوئمنگ پولز اور کھیلوں کے میدان بھی موجود ہیں جب کہ سوئمنگ پولز اور تفریحی میدانوں کو بچوں اور بالغوں کے لیے الگ الگ رکھا گیا ہے۔
آئیکون آف دی سیز‘ میں کھانے پینے، شاپنگ کرنے، وقت گزارنے اور دیگر تفریح کے لیے 40 مختلف اقسام کے ہوٹل، بار اور فوڈ کیفیٹیریاز موجود ہیں۔جہاز میں رات کے وقت تفریح کے لیے خصوصی لائٹس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جب کہ جہاز میں کچھ ایسے مقامات بھی موجود ہیں جہاں شیشے کی دیواریں ہوں گی اور سمندر کے نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
دنیا کے اس سب سے بڑے بحری جہاز میں 5 ہزار سے زائد مسافرین اور ڈھائی ہزار کے قریب عملے کے ارکان سوار ہوسکیں گے۔’آئیکون آف دی سیز‘ کا وزن ڈھائی لاکھ ٹن سے زیادہ ہے اور اسے جدید ٹیکنالوجی کے تحت یورپ کے سب سے بڑے شپ یارڈ میں فن لینڈ میں تیار کیا گیا اور اس کی تیاری کے لیے 2600 مزدوروں نے روزانہ کی بنیاد پر خدمات سر انجام دیں۔
آئیکون آف دی سیز‘ کا پہلا آزمائشی سفر 22 جون کو کیا گیا، جب کہ اس کے دیگر آزمائشی سفر بھی 2023 کے اختتام تک کیے جائیں گے اور اسے 2024 میں سفر پر بھیجا جائے گا۔اس جہاز کو کیریبین جہاز کے سمندری پانیوں میں چلایا جائے گا اور یہ جہاز امریکی ریاست الاسکا سے اپنا سفر شروع کرے گا اور مسافروں کو اپنی سہولت کے حساب سے سفری سہولیات فراہم کرے گا۔