ایک نیوز :190 ملین پاؤنڈ سیکنڈل کیس نیب راولپنڈی نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ایک بار پھر طلب کر لیا ہے، دونوں ملزمان کو 4 جولائی کو دن 11 بجے نیب راولپنڈی دفتر پیش ہونے کے لیے طلبی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے کیس سے متعلق دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی گزشتہ دونوں پیشیوں پر نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ طلبی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چئیرمین تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی 4 جولائی کو نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے لازمی پیش ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں نیب کا نوٹس بھی وصول کر لیا ہے، نوٹس چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل علی اعجاز بٹر نے وصول کیا۔ نیب نے اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی کو 26 جون کو طلب کیا تھا۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 جولائی کو نیب میں شامل تفتیش ہونے کی درخواست کی تھی۔ نیب نے درخواست منظور کرتے ہوئے 4 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی 4 جولائی کو اسلام آباد کی مختلف عدالتوں اور نیب دفتر میں پیش ہوں گے۔