پرویز الٰہی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر جواب جمع

پرویز الٰہی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر جواب جمع

ایک نیوز: سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی درخواست پرایف آئی اے نے جواب جمع کروادیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی درخواست پر سماعت ہوئی۔ایف آئی اے نے اپنا جواب محمد انور خان اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کے توسط سے جمع کروا دیا۔

ایف آئی اے نے جواب میں کہا کہ پرویز الہی کے خلاف دو مقدمات درج ہیں۔ایک مقدمہ میں ضمانت جبکہ دوسرے مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔آج کی تاریخ تک پرویز الٰہی کے خلاف کوئی نیا مقدمہ درج نہیں ہے۔

پرویز الہی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ مبہم ہے،اس میں یہ نہیں بتایا کہ اب پرویز الٰہی کی کسی پرانے مقدمہ میں گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔ جس کے  بعد عدالت نے سماعت 6 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔

یاد رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الہی نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی رہ چکے ہیں۔سیاسی بنیادوں پر ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک کیس میں ضمانت ہوتی ہے تو کسی دوسرے کیا میں گرفتار کر لیا جاتا ہے، پرویز الٰہی عمر رسیدہ شخص ہیں۔پرویز الہی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہی۔

درخواستگزار  نے عدالت سے استدعا کی ہےکہ عدالت ان کے خلاف تمام درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔