عید پر چٹ پٹے کھانے ضرور کھائیں لیکن احتیاط سے،طبی ماہرین کا مشورہ

عید پر چٹ پٹے کھانے ضرور کھائیں لیکن احتیاط سے،طبی ماہرین کا مشورہ

ایک نیوز: عید پر قورمہ،بریانی،تکے اور چانپیں ،مزے مزے کی چٹ پٹی ڈشیں اور کھانے ضرور کھائیں لیکن ذرا اعتدال کے ساتھ۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عید پر زیادہ مصالحہ جات والی خوراک سے اجتناب کیا جائے اور عید پرگوشت احتیاط کے ساتھ استعمال کیا جائے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عید پر زبان کا چسکا صحت کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔زیادہ کھانے سے السر اور معدے کے مسائل ہو سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ   چٹ پٹی ڈشیں اور کھانے ذرا اعتدال کے ساتھ  کھائیں۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ قربانی کا گوشت محتاط ہو کر اعتدال کے ساتھ کھائیں۔20روز سے زائد دنوں تک گوشت کو فریج اور فریزر کی زینت بنا کر نہ رکھا جائے جبکہ بار بار فریج کھولنے سے گوشت کی تازگی اور غذائیت بھی متاثر ہوتی ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے ۔

طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ عید قرباں ایثار اور احساس کا نام ہے اسے فوڈ فیسٹول نہ بنائیں، گوشت ضرور کھائیں لیکن اعتدال کے ساتھ، ورنہ لینے کے دینے پڑ جائیں گے، بدہضمی کا شکار ہوکر ہسپتال جانے سے بچنا ہے تو مزے مزے کے پکوان کھاتے ہوئے اعتدال میں رہنا ہوگا۔

طبی ماہرین باربی کیو سے بھی ہاتھ روکنے کی تلقین کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ باربی کیو کا گوشت مکمل نہیں پکتااس لیے جلد ہضم نہیں ہوتا ہے ۔ گوشت کے پکوانوں میں مصالحوں کا زیادہ استعمال دل اور بلند فشار خون کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق گنجائش سے زیادہ کھانا آپ کو فائدے کی بجائے نقصان پہنچاتا ہے، زیادہ چکنا گوشت دل کے مریض اور مصالحے سے بھرپور گوشت معدے کے مریضوں کیلئے انتہائی مضر ہے۔