ایک نیوز:کان میں اندرونی طور پر گڑگڑاہٹ، گھنٹیاں بجنے اور آوازیں سنائی دینے کا مرض ٹِنی ٹس کہلاتا ہے اور اب ہلکی شدت کی لیزر سے مرض کو دور کرنےکی امید روشن ہوئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق برازیل میں آپٹکس اینڈ فوٹونکس ریسرچ سینٹر (سیپوف) کے ماہرین نے یہ تھراپی وضع کی ہے جس کی تفصیلات جرنل آف پرسنلائزڈ میڈیسن میں شائع ہوئی ہے۔
دنیا بھر میں ایسے75 کروڑ مریض ہیں جن کے کانوں میں کسی بیرونی ذرائع کے برخلاف ازخود گھنٹیوں، سیٹیوں اور دیگرآوازیں سنائی دیتی ہیں۔ یہ دن میں بے آرام اور رات میں بے نیند کردیتی ہیں اور تکلیف دہ عارضہ بن جاتی ہیں۔ اس کی وجوہ میں کان کا میل، اندرونی کان کی خشکی، اعصاب اوردماغ کا متاثر ہونا شامل ہیں لیکن اب تک اس کی باقاعدہ دوا سے ہم دور ہیں۔
اس ضمن میں100 خواتین اور مرد مریضوں کو مطالعے میں شامل کیا گیا۔ انہیں دس گروہوں میں تقسیم کیا ایک گروپ کو لیزر آکیوپنکچر، دوسرے کو کم شدت کی لیزر تحریر اور دیگرگروہوں کو دیسی اور کیمیائی ادویہ دی گئیں۔ اسی طرح ایک گروہ کو ویکیوم تھراپی بھی دی گئی تھی۔
یہ عمل چار ہفتوں تک جاری رکھا گیا اور بعض مریضوں کو ہفتے میں آٹھ مرتبہ لیزرتھراپی سے گزارا گیا۔ پھر ہر شریک سے25 سوالات کی دستاویز بھروائی گئی۔ اس میں11 سوالات ٹنی ٹس سے جسمانی، روزمرہ کام، سماجی، دماغی اور رویہ جاتی برتاؤ سے متعلق تھے۔
ان میں لیزرتھراپی سب سے مؤثرثابت ہوئی جس نے اندرونی سوزش کوکم کرکے پورے سماعتی نظام کو بہتر بنایا۔ مریضوں نے اس میں بہت سکون محسوس کیا اور کان کے اندر نئے خلیات بھی بننے لگے۔ تاہم اگلے مرحلے میں ماہرین مزید مریضوں پر اس کی آزمائش کریں گے۔