لاہور:13سالہ بچے کا مبینہ زیادتی کے بعد سفاکانہ قتل

Jun 27, 2022 | 12:41 PM

JAWAD MALIK
ایک نیوز نیوز: لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں 13سالہ بچے کو مبینہ زیادتی کے بعد گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ شاہدرہ کے علاقے اسلام پورہ میں ایک گھر کے واش روم سے لڑکے کی لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے،مقتول کی شناخت 13 سالہ مجاہد کے نام سے ہوئی ہے۔
مجاہد کے والد کا کہنا تھا کہ ان کا بچہ مکان مالک شہباز کی دکان پر ملازمت کرتا تھا۔ گزشتہ روز مجاہد کام سے واپس گھر نہیں آیا تھا، بچے کے والدین رات بھر بچے کو تلاش کرتے رہے۔ علی الصبح شہباز نے انہیں فون کرکے بتایا کہ مجاہد کی اس کے بھائی سے لڑائی ہوگئی ہے۔ وہ مجاہد کو اس کے گھر جاکر دیکھ لے۔
مقتول کے باپ نے مزید کہا کہ وہ شہباز کی کال سن کر اس کے گھر پہنچے تو گھر پر خلاف توقع تالا لگا تھا، انہوں نے پولیس کو اطلاع دی، ان ہی کی درخواست پر پولیس گھر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی۔ جہاں غسل خانے سے لاش ملی۔
پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے،تاہم پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے تک اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
ڈی ایس پی شاہدرہ کا کہنا ہے ملزم فیملی سمیت فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔
مزیدخبریں