ابرارالحق نے اپنا گانا بھارتی فلم میں شامل کرنے پر میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھیج دیا

ابرارالحق نے اپنا گانا بھارتی فلم میں شامل کرنے پر میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھیج دیا
پی این ین نیوز:معروف گلوکار و موسیقار ابرارالحق نے اپنا مشہور گانا ’نچ پنجابن نچ‘ بغیر اجازت بھارتی فلم میں شامل کرنے پر بھارتی میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر پر پاکستانی گلوکار نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہا ’ برطانیہ میں میرے وکیل نے میرے گانے ’نچ پنجابن‘ کے غلط استعمال پر ’مووی باکس‘ کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے‘۔



انہوں نے کہا کہ آنے والے چند روز میں اس حوالے سے مزید پیش رفت سامنے آئے گی۔



ابرارالحق کا پرانا مشہور گانا ’نچ پنجابن نچ‘ فلم ساز کرن جوہر کی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ میں شامل ہے اور اسے ٹی سیریز کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔



ابرار الحق کی جانب سے بھارتی میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھجوانے کا انکشاف مذکورہ فلم کی ریلیز کے 2 روز بعد سامنے آیا ہے۔
قبل ازیں اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بالی ووڈ اداکار ورون دھون کے ایک انٹرویو کی کلپ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں اداکار ابرارالحق کا شکریہ ادا کرتے نظر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں ابرار جی کو یہی کہنا چاہوں گا کہ انہوں نے اوریجنل گانا بہت بہترین گایا، ہمیں بہت اچھا لگا، ہماری میوزک کمپنی نے گانے کے حقوق خریدے اور اب یہ گانا کافی اچھا چل رہا ہے، شکریہ ابرار‘۔
اس فلم کا ٹریلر گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا جس کے بعد ابرارالحق نے اپنے گانے کو بغیر اجازت اس فلم میں شامل کرنے اور کاپی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔



ابرارالحق نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ انہوں نے ’نچ پنجابن نچ‘ کے حقوق کسی کو فروخت نہیں کیے اور جو بھی ان کے گانے کو اجازت کے بغیر کسی بھی فلم یا البم میں شامل کرے گا، وہ ان کے خلاف مکمل طور پر قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔



پاکستانی گلوکار کے ان الزامات کو کرن جوہر، ٹی سیریز اور میوزک ریکارڈ کمپنی ’مووی باکس‘ نے مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے ’نچ پنجابن نچ‘ کے کاپی رائٹس حاصل کر رکھے ہیں۔



بھارتی میوزک ریکارڈ کمپنی کے انکار کے بعد ابرارالحق نے ٹی سیریز اور فلم ساز کرن جوہر کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا مگر بعد ازاں مذکورہ گانے کو جاری کرتے ہوئے بھارتی فلم ساز اور ریکارڈ لیبل کمپنی نے ابرارالحق کو کریڈٹ دے دیا تھا۔
تاہم کریڈٹ ملنے کے باوجود ابرارالحق نے کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔
گلوکار نے 4 جون کو اپنی ٹوئٹ میں اپنی مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ بھارتی کمپنی کے خلاف جلد عدالت جائیں گے۔