آئیں مل کرمعاملات کو سلجھائیں، حکومت کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش

آئیں مل کرمعاملات کو سلجھائیں، حکومت کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش
کیپشن: Let's sort things out together, government's offer of talks to PTI

ایک نیوز: وفاقی وزیر پٹرولیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو وہ خاکہ پیش کرنے جا رہا ہے جس پر وزیر اعظم کام کر رہے ہیں،بہت ہنگامہ آرائی ہے لیکن عوام کی آواز سنائی نہیں دے رہی ، وزیراعظم ملک کو بہتری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں ،وزیر اعظم کے ذہن میں 3چیزیں ہیں۔
 وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی پہلی ترجیح نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنا ہے،دوسری چیز عوام پر مہنگائی کا بوجھ ہے،زندہ رہنے کی دوڑ میں کچھ علاقے اور لوگ پیچھے رہ گئے ہیں،وزیر اعظم شہبازشریف کی تیسری ترجیح غربت کا خاتمہ ہے،عوام کو معلوم ہے کس نے کیا کیا،کسی جماعت کے پاس عوام کی بہتری کا کوئی پلان نہیں۔
مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پچھلے سال مہنگائی کی شرح 48فیصد تھی،ہم 48فیصد سے مہنگائی 12فیصد پر لے کر آئے ہیں،یہ کیا ہم نے،بجٹ میں غریبوں کے لئے 600ارب روپے مختص کئے،آپ نے کیا کیا؟اس وقت بجلی کا بحران ہے،اسے بتدریج کم کرینگے،86فیصد پاکستانیوں کے غریب گھروں کے بلوں میں سبسڈی دی ہے،اگلے ماہ آنے والے بجلی کے بل فکسڈ کر دیئے ہیں۔
وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں کہ دہشت گردی ختم کرینگے یہ کہتے ہیں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، آپریشن نہیں ہونے دینگے تو پھر بتائیں کیا ہونے دیں گے،کیا یہ ملک میں دہشت گردی میں اضافہ چاہتے ہیں؟کیا بھتہ خوری ہونے دیں گے؟ اغوا برائے تاوان ہونے دینگے ؟ہم مسائل حل کرنے کیلئے مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں یہ دھرنے کی طرف جاتے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہمیں ہٹانا ہے،ہٹا دیں،ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ آپ کی زیادہ سیٹیں ہیں حکومت بنا لیں، آپ پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر بھی وفاقی حکومت بنا سکتے تھے،بانی پی ٹی آئی کا مقصد صرف الجھانا ہے،سلجھانا نہیں، پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں،ملک مزید انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا،عوام کو الجھاؤ اور سلجھاؤ میں تفریق کرنا ہو گی،ورنہ ملک برباد ہوجائیگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھاشا ڈیم کے لئے بجٹ میں رقم مختص کر دی ہے،دیامیر بھاشا ڈیم پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے تو وہاں کے لوگوں کو روزگار مل رہا ہے،داسو میں ایک ارب ڈالر لگے گا تو وہاں کے لوگوں کو روزگار ملے گا ،آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہسپتالوں کی حالت زار بہتر ہوگی،وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہر صورت ایف بی آر  کی ڈیجیٹائزیشن ہوگی۔