پیرس اولمپکس :افتتاحی تقریب میں205ممالک کے دستوں کی آمد

Jul 27, 2024 | 13:59 PM

ویب ڈیسک:پیرس کے مشہور دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب سے اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، 205 ممالک کے دستوں کی کشتیوں پرآمد ہوئی، پیرس اولمپکس کی مشعل بھی روشن کردی گئی۔
دنیائے کھیل کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں خوبصورت مناظر اور دل کو چھو لینے والی موسیقی مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا اور فلم ٹائی ٹینک کا ٹائٹل سانگ گانے والی گلوکارہ سیلین ڈیان نے آواز کا جادو جگایا، افتتاحی تقریب میں  3ہزار کے لگ بھگ فنکار وں نےپرفارم کیا۔
افتتاحی تقریب میں روایتی انداز میں مختلف ملکوں کے دستوں کی آمد ہوئی، ایک کشتی پر دیگر چار ملکوں کے دستوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کی بھی آمد ہوئی۔
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں دستے کی آمد کے موقع پر پاکستان کیلئے میڈل کی سب سے بڑی اُمید جیولین تھروور ارشد ندیم نے پاکستانی پرچم تھاماہوا تھا، اُنکے ساتھ ایتھیلٹ فائقہ ریاض، سوئمرز جہاں آرا نبی، احمد درانی اور آفیشلز موجود تھے۔
پاکستانی شوٹر ز کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور جی ایم بشیر ایونٹ کے مقام سے تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے کی مسافت پر ہونے کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں شریک نہ ہوسکے، پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز کا امتحان آج سے شروع ہوگا۔
 دن 1 بجکر 30 منٹ پر گلفام جوزف 10 میٹر ائیر پسٹل جبکہ سہ پہر 3 بجکر 30 منٹ پر کشمالہ طلعت ویمن 10 میٹر ائیر پسٹل میں ایکشن میں ہوں گی۔
دوسری جانب پیرس اولمپکس میں شریک پاکستانی دستے کے اعزاز میں پاکستانی سفارت خانے میں تقریب منعقد کی گئی جہاں وفاقی وزیر آئی پی سی رانا ثنا اللہ بھی مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

مزیدخبریں