ایک نیوز: سپریم کورٹ نے ہری پور کے علاقہ سورج گلی میں قائم سٹون کرشنگ پلانٹس بند کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے 11 جولائی کی سماعت کو تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ، سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ دنیا میں ہر 9 سے ایک موت فضائی آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق فضائی آلودگی سالانہ ستر لاکھ اموات کا باعث بن رہی ہے، بنگلہ دیش، بھارت، نیپال اور پاکستان دنیا کے آلودہ ترین ممالک ہیں۔
دنیا کی کل آبادی کا 22.9% بنگلہ دیش، بھارت نیپال اور پاکستان میں ہے، ایئر کوالٹی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کا دوسرا آلودہ ترین ملک ہے، صاف شفاف ماحول میں رہنا ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے۔
عدالت کا ای پی اے خیبرپختونخواہ کو صوبے میں قائم 900 سٹون کرشنگ پلانٹس کے جائزے کا حکم، آلودگی سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کرشنگ پلانٹس کیخلاف کارروائی کی جائے، عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو فضائی آلودگی سے متعلق قواعد کی تجدید کا حکم دے دیا۔
عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ،کیس کی مزید سماعت نومبر کے پہلے ہفتے میں ہوگی، 17صفحات پر مشتمل حکم نامہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا ، سٹون کرشنگ پلانٹس کیخلاف سورج گلی خانپور کے رہائشیوں نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔