ایک نیوز :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی کی تحلیل کیلئے 11 اگست کی تاریخ دیدی۔
تفصیلات کےمطابق نجی ٹی وی سے بات کرتےہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ’سندھ اسمبلی 11 اگست کو رات گئے خود بخود تحلیل ہوجائے گی، ہم نے 13 اگست 2018 کو حلف لیا تھا اور اگر ہم تحلیل نہیں کرتے ہیں تو پھر یہ خود بخود 12 اگست کو تحلیل ہو جائے گی‘۔
اگر حکومت قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کو مکمل ہونے سے پہلے تحلیل ہوجاتی ہے تو پھر انتخابات اگلے 90 روز (3 ماہ) میں منعقد ہوں گے اور اگر اسمبلی اپنی مدت پوری کرتی ہے تو پھر الیکشن کمیشن آئینی طور پر اگلے 60 روز میں انتخابات کے انعقاد کا پابند ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پروگرام میں کہا کہ ’مجھے خبریں مل رہی ہیں اور تبادلہ خیال ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے 3 ماہ کا وقت چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم سمجھیں کہ انتخابات 3 ماہ میں ہوں گے تو پھر ہم ایک روز قبل 11 اگست کو اسمبلی تحلیل کردیں گے، میں گورنر کو اس کی تجویز دوں گا اور وہ اسی دن منظوری دیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لیے دو ماہ چاہئیں تو پھر اسمبلی شیڈول کے مطابق تحلیل ہوگی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ دوسری صورت میں صوبائی اسمبلی 11 اگست کو تحلیل ہوگی تاکہ الیکشن کمیشن کو سہولت دی جائے کہ اس سے 3 ماہ کا وقت مل جائے۔