ایک نیوز : ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے ری برانڈ کیے گئے ورژن ’ایکس‘ کو انڈونیشیا میں آن لائن پورنوگرافی اور جوئے کے حوالے سے سخت ملکی قوانین کی وجہ سے بلاک کر دیا گیا۔
ارب پتی ایلون مسک نے اتوار کو ٹوئٹر کو ’ایوری تھنگ ایپ‘ بنانے کے اپنے منصوبے کے تحت ’ایکس‘ کا نام دیا تھا۔ اور پیر کو ٹوئٹر کے مشہور نیلے پرندے کو نئے لوگو سے تبدیل کر دیا تھا۔
ایلون مسک نے کہا کہ x.com ڈومین، جسے وہ پہلے پے پیل کے لیے استعمال کرتے تھے، twitter.com پر ری ڈائریکٹ ہو جائے گا۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق اس تبدیلی کے بعد انڈونیشیا میں لاکھوں صارفین سوشل میڈیا پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر رہے۔
انڈونیشیا کی وزارتِ مواصلات اور اطلاعات نے کہا ہے کہ اس سائٹ پر پابندی عائد کی گئی ہے کیونکہ اس ڈومین کو پہلے ایسی سائٹس استعمال کرتی تھیں جو ’منفی مواد‘ کے خلاف ملک کے قوانین کی پاسداری نہیں کرتی تھیں۔
انفارمیشن اینڈ پبلک کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر جنرل عثمان کانسونگ کے مطابق انڈونیشیا کی حکومت سائٹ کی نوعیت کو واضح کرنے کے لیے ’ایکس‘ کے ساتھ رابطے میں ہے۔
وں نے کہا: ’آج صبح ہم نے ٹوئٹر کے نمائندوں سے بات کی اور وہ ہمیں ایک خط بھیجیں گے جس میں ایکس ڈاٹ کام کو ٹوئٹر کی جانب سے استعمال کرنے کی تصدیق کی جائے گی۔‘
ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے ٹوئٹر صارفین کو سکرین پر ایک پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ ویب سائٹ کو وزارت نے مقامی قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی پر بلاک کر دیا ہے۔