محرم الحرام کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں اہم اجلاس

محرم الحرام کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں اہم اجلاس
کیپشن: محرم الحرام کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں اہم اجلاس

ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس  ہوا ، اجلاس یں محرم الحرام خصوصا یوم عاشور کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں غیر ملکی شہریوں خصوصا چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا ،اجلاس میں8،9 اور 10 محرم الحرام کو جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔فوج، رینجرز اور پولیس کے چاک و چوبند دستے فلیگ مارچ کریں گے ۔
 اجلاس میںوزیر اعلی محسن نقوی نے تمام کمشنرز اور آرپی اوز کو بارشوں کے پیش نظرجلوسوں اور مجالس کے لئے ضروری پیشگی پلان تیارکرنے کا حکم دیا ۔ان کا کہناتھا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔مرتب کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کرائی جائے۔مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے۔ امن کمیٹیوں کے ارکین اور منتخب نمائندے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اجلاس میں محسن نقوی نےغیرملکی خصوصاچینی شہریوں کی حفاظت کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی کمشنرزاور آرپی اوز کو 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جے آئی ٹیز کی کارکردگی مانیٹرکرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شر پسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل کا جائزہ لیا گیا ،انسپکٹرجنرل پولیس نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ، عسکری و سول حکام نے اپنی رپورٹس پیش کیں ،صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، عسکری ورینجرز کے اعلی حکام، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکرٹریز قانون، پراسکیوشن،  ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی،  ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکتتمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔