ایک نیوز : معروف سیلولر فون کمپنی 'سام سنگ' نے اپنی فولڈ ایبل سیریز کے نئے ماڈلز 'گلیکسی زی فولڈ فائیو' اور 'زی فلپ فائیو' متعارف کرا دیے ہیں۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سول میں منعقدہ ایک تقریب میں سام سنگ نے اپنی فولڈ سیریز کی نئی جنریشن، نئی گلیکسی واچ اور ٹیبلٹ پیش کیے۔سام سنگ نے اپنے ان نئے فونز میں گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں کئی تبدیلیاں کی ہیں جب کہ پہلے سے موجود کچھ فیچرز کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
گلیکسی زی فلپ فائیو
زی فلپ فائیو میں جو سب سے بڑی تبدیلی کی گئی ہے وہ اس کا ڈسپلے ہے۔ سام سنگ نے فون کی کور اسکرین (بیرونی اسکرین) کو گزشتہ جنریشن کے مقابلے میں لگ بھگ چار گنا بڑا کر دیا ہے۔
اس فون کی کور اسکرین 3.4 انچ کی ہے جب کہ مین اسکرین 6.7 انچ کی رکھی گئی ہے۔
کور اسکرین پر کسٹمائزیشن بھی کی جا سکتی ہے جب کہ اسی ڈسپلے کے ساتھ 12 میگا پکسل کے وائیڈ اور الٹرا وائیڈ کیمرے بھی موجود ہیں۔
اسی طرح 10 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا فون کی مین اسکرین پر ہے۔ زی فلپ کے فولڈنگ ڈیزائن اور نئی کور اسکرین کی بدولت اس میں مختلف زاویوں سے سیلفی لی جا سکتی ہے۔
کمپنی نے زی فلپ فائیو کے فولڈنگ میکانزم کو بھی پہلے سے بہتر کیا ہے اور اب یہ فولڈنگ کے بعد ایک فلیٹ لک میں نظر آئے گا۔
زی فلپ فائیو میں 3700 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے۔
گلیکسی زی فولڈ فائیو
سام سنگ کا یہ نیا فولڈ ایبل فون بڑی اسکرین پسند کرنے والے صارفین کو زیادہ پسند آئے گا۔ اس فون کے دوہرے ڈسپلے میں مین اسکرین یعنی اندرونی ڈسپلے 7.6 انچ کا ہے جب کہ فون کے باہر موجود کور اسکرین 6.2 انچ کی لگائی گئی ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اب تک کا سب سے ہلکا اور سلم زی فولڈ ہے لیکن اس کی مضبوطی پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
زی فولڈ فائیو کی موٹائی 13 اعشاریہ چار ملی میٹر ہے جب کہ اس کا وزن 253 گرام ہے۔
زی فولڈ کا ایک اور فیچر جو اسے زی فلپ سے مختلف بناتا ہے، وہ ہے ایس پین۔ لیکن صارفین کو یہ ایس پین الگ سے خریدنا پڑے گا۔
کمپنی نے زی فولڈ فائیو میں ڈسپلے کی برائٹنس کو بھی بہتر کیا ہے۔
فون کی بیک پر 50 میگا پکسل کا وائیڈ، 12 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ اور 10 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرہ موجود ہے۔ جب کہ اس میں 4400 ایم اے ایچ کی بیٹری لگائی گئی ہے۔
زی فولڈ فائیو کے بارے میں سام سنگ کا کہنا ہے کہ یہ فون کمپیوٹر کی طرح کی طاقت ور ہے اور یوں سمجھیں کہ بس کمپیوٹر سمٹ کر آپ کی جیب میں آ جائے گا۔
کمپنی نے اس کے فولڈنگ میکانزم میں بھی بہتری کی ہے اور یہ فون بھی فولڈ ہونے کے بعد فلیٹ لک میں نظر آئے گا۔
فولڈ سیریز کے ان دونوں فونز میں اسنیپ ڈریگن کا طاقت ور پروسیسر 8Gen 2 لگایا گیا ہے جو فون کی اسپیڈ کو مزید بہتر کرتا ہے۔
اسٹوریج اور قیمت
گلیکسی زی فلپ فائیو آٹھ جی بی ریم کے ساتھ 256 اور 512 جی بی اسٹوریج میں دستیاب ہوگا جب کہ گلیکسی زی فولڈ فائیو میں 12 جی بی ریم کے ساتھ 256جی بی سے لے کر ایک ٹیرا بائیٹ تک کی اسٹوریج کا آپشن بھی موجود ہے۔
زی فلپ کی قیمت 999 ڈالر یعنی لگ بھگ دو لاکھ 87 ہزار پاکستانی روپے سے شروع ہو گی۔زی فولڈ فائیوکی قیمت1799 ڈالر یعنی پانچ لاکھ 16 ہزار روپے سے شروع ہوگی۔ یہ فون 11 اگست سے مختلف ممالک میں دستیاب ہوں گے۔