ایک نیوز: جمرود میں خودکش حملہ کے خلاف ملک کے بیشتر شہروں میں سول سوسائٹی کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ علی مسجد (جمرود) میں خودکش دھماکے کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسی سلسلے میں ایک عظیم ریلی لاہور میں نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ "ہم اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں"۔ شرکاء نے ہاتھوں میں ٹی ٹی پی دہشت گردوں کیخلاف پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر ریلی میں شریک مفتی کا کہنا تھا کہ "پہلے بھی ایسا ہی ایک خودکش حملہ پولیس لائینز کی مسجد میں کیا گیا جہاں کافی تعداد میں پولیس کے جوان شہید ہوئے"۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ "آخر مساجد ہی کو کیوں شہید کیا جاتا ہے، نمازیوں کا کیا قصور ہے"؟
شرکاء نے مزید کہا کہ "یہ بات واضح ہوچکی کہ ٹی ٹی پی اسلام دشمن، پاکستان دشمن اور عوام دشمن دہشت گرد جماعت ہے"۔ "ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو ان کے سہولت کاروں اور محفوظ ٹھکانوں سمیت جہنم واصل کیا جائے"۔
شرکاء نے کہا کہ "پوری قوم دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنے کے لیے اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے"۔ ریلی کے شرکاء نے پولیس، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہداء کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔