ایک نیوز: رات گئے سے لاہورمیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے،مسلسل بارشوں کی وجہ سے لاہور کا موسم خوشگوار ہو گیا گرمی کی شدت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مزید تیں دن اور جاری رہے گاجبکہ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔باغوں کے شہر میں آج بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بادل برسے جس کے بعد موسم تو خوشگوار ہوگیا مگر پھر سے شہر کی بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
سب سے زیادہ تاجپورہ میں 197 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،ائیر پورٹ کے علاقے میں 111 ملی میٹر بارش ریکارڈ ،نشتر ٹاؤن میں 60 ملی میٹر،جیل روڈ میں 8 ملی میٹر ، گلبرگ 3.5 ملی میٹر،لکشمی 2 ملی میٹر اور مغلپورہ میں بارش 9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے علاوہ 29 جولائی کو بارش کے نئے سسٹم کی پیشگوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا اسپیل آئندہ ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کے پیش نظرتمام ترملحقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا۔
ادھر راولپنڈی اور چونیاں سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز اورکہیں ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اوکاڑہ شہر اور گردونواح موسلادھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔شہر کی مین شاہراہوں پر پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے۔ریلوے اسٹیشن روڑ پر بارش کا پانی 4فٹ ریکارڈ کیا گیا۔بارش اور سیوریج کا پانی ریلوے کوارٹرز میں بھی داخل ہو گیا ہے۔پانی کے باعث لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہے ۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کاامکان ہے،تیز بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں۔طوفانی بارشوں سے دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے،دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پرنچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ایم ڈی واسا
وزیر ہاؤسنگ سید اظفر علی ناصر اورکمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے واسا کو تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف و مشینری کو متحرک رکھنے کی ہدایات کردی ہے۔
ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ تمام انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کو کلیئر رکھا جائے تاکہ ٹریفک رواں دواں رہے۔تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کپیسٹی پر چلایا جائے۔
ترجمان لیسکو
ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔بارش کے باعث لیسکو کے اس وقت 20 فیڈروں سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر منقطع ہوئی ہے۔ لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر فیلڈ اسٹاف الرٹ ہے۔ جن علاقوں میں بارش رک چکی ہے وہاں بجلی بحالی کے کام کئے جارہے ہیں۔ تاہم اب بھی بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو صارفین سے التماس ہے کہ خراب موسم کے دوران خود کو اپنے بچوں کو اور اپنے جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں فی الفور لیسکو کے عملے کو مطلع کریں، لیسکو ریجن میں خراب موسم کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے۔
دوسری جانب کراچی میں ایک بارپھربارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ٹاور،اولڈ سٹی ایریا اور آئی آئی چندریگر روڈ کے اطراف ہلکی بارش ہوئی۔شارع فیصل ،میٹروپول ،لکی اسٹارسمیت طراف میں بھی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔