نریندر مودی کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھارتی پارلیمان میں پیش

Jul 27, 2023 | 09:04 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: بھارت میں اپوزیشن کے 26 جماعتی اتحاد نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف بھارتی پارلیمان میں تحریک عدم اعتماد پیش کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد قبول کر لی، بحث کے لیے ابھی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لوک سبھا میں نئے اپوزیشن اتحاد انڈین نیشنل ڈویلپمنٹل انکلوسیو الائنس اور جماعت  بھارت راشٹر سمیتی کی جانب سے بدھ کو مودی حکومت کے خلاف دو الگ الگ تحریک عدم اعتماد پیش کی گئیں۔

 اپوزیشن کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا مقصد منی پور میں جاری نسلی تشدد پر وزیراعظم کی خاموشی تڑوانا ہے۔543 رکنی لوک سبھا میں اپوزیشن انڈیا کی114نشستوں کے مقابلے میں حکومتی اتحاد کی 331 اکثریتی نشستوں کی وجہ سے حکومت کو تحریک عدم اعتماد سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ منی پور میں اکثریتی ہندو میتئی اور مسیحی قبائیلوں کے درمیان 3 مئی سے جاری تشدد میں اب تک ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد ہلاک اور 50 ہزار سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔

اپوزیشن گزشتہ کئی روز سے منی پور میں جاری خانہ جنگی پر لوک سبھا میں بحث کروانےکا مطالبہ کر رہی تھی لیکن مودی سرکار حیلے بہانوں سے منی پور فسادات پر پارلیمنٹ میں بحث کروانے سے گریزاں تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بھی منی پور میں خواتین کے خلاف انسانیت سوز واقعات کو انتہائی تشویشناک قراردیا تھا۔

مزیدخبریں