ایک نیوز: پاکستان ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے تاحال حکومتی این او سی کی منتظر ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کی 31 جولائی کو بھارت روانگی شیڈول ہے، چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ تین اگست سے چنئی میں شیڈول ہے اورکل آخری ورکنگ ڈے کے باوجود این او سی کے حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو نہیں بتایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیم کو بھارتی ویزے جاری ہو چکے جبکہ وزارت داخلہ نے بھی این او سی جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب وزارت بین الصوبائی رابطہ اور وزارت خارجہ کی جانب سے این او سی آج بھی جاری نہ ہو سکا۔
ذرائع پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کا کہنا ہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی این او سی جاری کرے گی تو فیڈریشن کو آگاہ کر دیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن این او سی کے معاملے پر تشویش کا شکار ہے۔