عمران خان نے ملک کو بحران سے نکالنے کا آسان راستہ بتادیا

Jul 27, 2022 | 22:21 PM

ایک نیوز نیوز: چیئرمیں تحریک انصاف عمران خان نے عوام سے خطاب میں کہا ہے کہ الیکشن کمشنر پر انہیں اعتماد نہیں، ایسا الیکشن کمیشن تشکیل دینا چاہئے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ 

انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کے ذریعے پولنگ ختم ہوتے ہی بٹن دبانے سے نتیجہ آجاتا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے پوری سازش کی اور ای وی ایم لانے کی اجازت نہیں دی۔ حالات بگڑتے جارہے ہیں اس صورتحال سے ہم قوم بن کر ہی نکل سکتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 3 ماہ پہلے ہماری حکومت ہٹا کر کرپٹ لوگوں کو مسلط کیا گیا ۔ پروگرام بنایا گیا کہ ہمیں اتنا دبا دیا جائے کہ اٹھ نہ سکیں۔ قوم کی توہین کی گئی، عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھا گیا۔ کسی کو بھی مسلط کر دو تو کیا قوم خاموش ہو کر برداشت کرے گی؟

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح عوام 17 جولائی کو نکلی اس کی مثال نہیں ملتی۔ حمزہ شہباز نے انہیں ہرانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا، سرکاری مشینری کا بےدریغ استعمال کیا گیا لیکن عوام کی وجہ سے کوئی فائدہ نہیں ہوسکا۔ 

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں پہلی بار غریب لوگوں کو 10 لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس دی گئی۔ سارے معاشی اعشاریے درست راستے پر چل رہے تھے۔ لیکن ان کے خلاف سازش کردی گئی۔

مزیدخبریں