طلاق میری زندگی کا بے حد مشکل اور تکلیف دہ دور تھا،بل گیٹس  

Jan 27, 2025 | 19:35 PM

ویب ڈیسک:ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل بل گیٹس نے طلاق کو زندگی  کا بے حد مشکل اور تکلیف دہ دور قراردے دیا ۔ 
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں بل گیٹس نے زندگی کے مقاصد اور اہداف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد والدین کی 45 سالہ کامیاب شادی کی طرح اپنی شادی کو بھی کامیاب بنانا تھا، تاہم میں اس میں مکمل ناکام رہا۔
69 سالہ بل گیٹس کا کہنا تھا کہ میں نے تحمل مزاجی پر ہمیشہ میلنڈا کی حوصلہ افزائی کی، تاکہ وہ میری والدہ کے مقابلے میں قدرے پرسکون رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میرا میلنڈا کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، میں نے اپنے والد کے مقابلے میں بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارا، تاہم بطور ماں بچوں کے زیادہ تر کام میلنڈا کرتی تھیں۔
بل گیٹس نے زندگی کے اہم فیصلوں کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے اظہار کیا کہ سابقہ اہلیہ میلنڈا سے طلاق کا فیصلہ زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، جس کا پچھتاوا پوری زندگی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری 27 سالہ شادی کا اختتام 2021 میں طلاق پر ہوا تھا، میرے خیال میں اپنی پوری جوانی کسی ایک شخص کے ساتھ گزارنا پُرمسرت احساس ہے۔
گیٹس نے سابقہ اہلیہ سے پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب میلنڈا اور میری ملاقات ہوئی تھی، اس وقت میں کامیاب تو تھا لیکن انتہائی کامیاب نہیں تھا، اس نے مجھے طویل سفر طے کرتے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہماری طلاق ہوئی تو مجھے بہت افسوس ہوا کہ اس نے جانے کا فیصلہ کرلیا ہے، طلاق میری زندگی کا بے حد مشکل اور تکلیف دہ دور تھا۔
واضح رہے کہ سابق جوڑے کی پہلی ملاقات 1987 میں اس وقت ہوئی تھی، جب میلنڈا نے مائیکرو سافٹ کمپنی میں بطور پروڈکٹ مینیجر ملازمت اختیار کی، بعد ازاں 1994 میں دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔
2000میں دونوں نے عالمی سطح پر غربت اور امراض پر قابو پانے کیلئے  ’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن‘ نامی فلاحی ادارے کی بنیاد رکھی، تاہم طلاق کے بعد مئی 2024 میں میلنڈا نے اس ادارے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزیدخبریں