ایرانی شہر سراوان میں 9پاکستانی مزدور قتل 

Jan 27, 2024 | 19:53 PM

ایک نیوز :پاک ایران تعلقات کی بحالی کے بعد ایک اور سانحہ،ایران کے شہر سراوان میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا۔
 مقامی بلوچ رائٹس گروپ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں مزید3افراد زخمی ہوئے اور متاثرہ جاں بحق و زخمی افراد پاکستانی مزدور تھے جو مقامی ورکشاپ پر کام کرتے تھے اور وہیں رہائش اختیار کر رکھی تھی۔
ایران میں فائرنگ سے جاں بحق 5 افراد کا تعلق مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور سے ہے جن میں 2 بھائی بھی شامل ہیں۔
 جاں بحق افراد کے لواحقین نے اسسٹنٹ کمشنر علی پور سے رابطہ کیا اور مطالبہ کیاکہ لواحقین کی میتیں لانےمیں مدد کی جائے۔
جاں بحق مزدوروں کے اہلخانہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے 2 مزدوروں کا تعلق لودھراں کےعلاقےگیلے وال سے ہے، لودھراں کے رہائشی زبیر اور اس کا بھانجا ابوبکر مزدوری کیلئے ایران گئے تھے۔
دوسری جانب ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے بھی واقعے میں 9 پاکستانی مزدروں کے قتل کی تصدیق کی اور کہا کہ سراوان میں 9 پاکستانیوں کے ہولناک قتل پرگہراصدمہ ہے۔پاستانی سفارت خانہ سوگوار خاندانوں کی مکمل مددکرےگا، زاہدان میں پاکستانی قونصل جنرل جائے حادثہ اوراسپتال کادورہ کرچکے ہیں۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھاکہ ایران سے پاکستانیوں کے قتل کے واقعے پر مکمل تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کے بعد گزشتہ روز ہی پاکستان اور ایران کے سفارتی تعلقات مکمل بحال ہوئے تھے۔

مزیدخبریں