ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کاکہنا ہے کہ نوجوانوں کیلئےمسلم لیگ ن نے شاندار منشور دیا ہے اگر مسلم لیگ ن کو انشاءاللہ 5 سال ملے تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ ہر نوجوان کی تقدیر بدلے گی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کاایبٹ آباد میں انتخابی جلسے سےخطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ دوسرے صوبوں سے آکر کچھ لوگ پنجاب میں جب جلسہ کرتے ہیں تو سوچتے ہیں کہ کہاں پر جلسہ کریں۔جہاں نوازشریف کا منصوبہ نہ ہو , جہاں کھڑے ہوکر تنقید کرتے ہیں آگے پیچھے سامنے ہر طرف نوازشریف کے منصوبے ہوتے ہیں ۔
مریم نواز نے جلسے میں عوام سے سوالات کئے کہ کیا اورنج ٹرین ایبٹ آباد کا حق نہیں؟ کیا میٹرو بس ایبٹ آباد کا حق نہیں؟ کیا باعزت ٹرانسپورٹ ایبٹ آباد کا حق نہیں؟ کیا پنجاب پاکستان لیور اینڈ کڈنی انسٹیٹیوٹ ایبٹ آباد کا حق نہیں؟ کیا کینسر ہسپتال ایبٹ آباد کا حق نہیں؟ کیا موٹرویز اور سڑکوں کا جال ایبٹ آباد کا حق نہیں؟ خدارا ووٹ ڈالتے وقت یہ سوچ لینا کہ یہ ووٹ آپکی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کاکہنا ہے کہ نوازشریف نے قوم سے 22,22 گھنٹے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا کہا تو وہ وعدہ پورا کر دکھایا ۔ہزارہ موٹروے بنانے کا وعدہ کیا اور ہزارہ موٹروے بنا کر دکھائی۔ پاکستان میں ہر طرف دہشتگردی تھی ڈرون حملے تھے۔ نوازشریف نے کہا میں دہشتگردی ختم کروں گا اور اس نے ختم کرکے دکھائی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نوازشریف نے آج اپنا منشور پاکستان کی عوام کے سامنے رکھا , منشور کوئی کاغذوں کا پلندہ نہیں ہوتا , منشور آپ سے کیا ہوا ایک سچا اور سُچا وعدہ ہوتا ہے۔بہت محنت اور عرق ریزی سے یہ منشور بنایا ہے اگر آپ نے منتخب کیا تو انشاءاللہ آپ تمام تکلیفیں دور کریں گے ۔
مریم نواز کاپیپلزپارٹی پرتنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ منشور وہ نہیں ہوتا کہ ویب سائٹ پرجاری کردو , کاغذوں کا پلندہ اٹھا کر قوم کے سامنے جھوٹے سچے وعدے کردو , ہم نے بہت محنت اور عرق ریزی سے یہ منشور بنایا ہے جس میں آپکی ہر تکلیف دور کرنے کا منصوبہ ہے۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزرمریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ آج ہر جگہ سروے ہورہے ہیں , مسلم لیگ ن کے علاوہ کسی اور جماعت کے سپورٹر نے نہیں کہا کہ میں اس جماعت کو ووٹ اس لیے ڈالنا چاہتا ہوں کیونکہ اس نے کام کیا ہے۔ اگر آپ کو نوازشریف سے پیار ہے تو خدا شاہد ہے کہ نوازشریف کو اس سے زیادہ آپ سے پیار ہے۔ اور اسی لیے آج سب کچھ چھوڑ کر ایبٹ آباد آئی ہوں۔