ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی اہلیہ حبہ فواد کی صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں اہلیہ فواد چودھری حبہ فواد نے صدر مملکت کو فواد چودھری کی گرفتاری اور عدالت میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فواد چودھری کی اہلیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیاگیا۔ جہاں پی ٹی آئی رہنما کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ پراسیکیوٹر نے دوران سماعت دلائل میں کہا کہ فواد چودھری آئینی ادارے کے خلاف نفرت پیدا کررہے ہیں۔ رجیم چینج کے پیچھے جوبیانیہ ہے یہ وہ لیکر چل رہے ہیں۔ فواد چودھری کیس کی مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔ پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں شہباز گل کیس کا حوالہ بھی دیا گیا۔