ایک نیوز: 18 سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ اور ویپس فروخت کرنے سے روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ نے بڑا قدم اٹھالیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں 18 سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ اور ویپس کی فروخت روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے درخواستگزار خضر قریشی کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے درخواست میں دیگر متعلقہ فریقین کو بھی فریق بنانے کی ہدایت کر دی۔ بیرسٹر احمد پنسوتا نے اپنے دلائل میں کہا کہ انہوں نے نشاندہی کی کہ سموکنگ آرڈینس کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ اور ویپس فروخت نہیں کیے جاسکتے لیکن حکومت آرڈینس پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہے۔
انہوں نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کھلے عام 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کو سگریٹ اور ویپس فروخت کیے جا رہے ہیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ اور ویپس کی فروخت روکنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد وفاق اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔