ایک نیوز : پنجاب کی نگران کابینہ میں معروف کاروباری شامل ہیں ان میں دل چسپ اضافہ کرکٹر وہاب ریاض کا ہے ۔ آئیے جانتے ہیں پنجاب کے نگران وزرا میں کون کیا ہے؟
وزیراعلٰی ہاؤس سے جاری وزرا کی فہرست میں کرکٹر وہاب ریاض بھی شامل ہیں تاہم وہ اس وقت ملک سے باہر ہیں اس لیے وہ حلف نہیں اٹھا سکے۔
پنجاب کی نگراں کابینہ میں وہاب ریاض کے علاوہ صحافی عامر میر بھی شامل ہیں۔ عامر میر معروف اینکرپرسن حامد میر کے بھائی ہیں۔
اس طرح دیگر وزرا میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم بھی ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم ڈینگی اور کورونا کی روک تھام کے لیے بنائے گئے کمیشنز کا بھی حصہ رہے ہیں اور ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں۔
ڈاکٹر جاوید اکرم متنازعہ سابق جج ملک قیوم اور ن لیگ کے سابق ایم این اے مرحوم پرویز ملک کے بھائی، علی پرویز ملک کے چچا، شائستہ پرویز ملک کے دیور، پیپلزپارٹی کی ایم این اے یاسمین رحمان کے بھائی، ہسپتال کے مالک ہیں اور ان کی اہلیہ بھی کاروباری ہیں۔
کابینہ میں ایک خاتون وزیر تمکنت کریم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ تمکنت نجم سیٹھی کے پروگرام کی پروڈیوسر رہی ہیں اور آج کل اپنا ایک یوٹیوب چینل چلاتی ہیں۔ سابق بیوروکریٹ نسیم صادق کو بھی پنجاب کی نگراں کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
نجی تعلیمی ادارے یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم مراد نے بھی وزیر کے طور پر حلف اٹھایا ہے۔ اسی طرح دنیا میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹیو میاں عامر محمود کے پنجاب گروپ آف کالجز میں بزنس پارٹنر بلال افضل کو بھی نگراں وزیر بنایا گیا ہے۔
راولپنڈی سے کاروباری شخصیت اور سٹی لیبز کے مالک ڈاکٹر جمال ناصر کو بھی محسن نقوی نے اپنی کابینہ میں شامل کیا ہے۔ تین دیگر وزراء میں ایس ایم تنویر، منصور قادر اور اظفر علی ناصر شامل ہیں۔
ایس ایم تنویر کاروباری آدمی ہیں اور ایس ایم منیر کے بیٹے ہیں۔ ان کے بھائی ایس ایم عمران تحریک انصاف کے دور میں وائس چیئرمین ایل ڈی اے رہ چکے۔ ان کے والد ایس ایم منیر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔