فواد چودھری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کل ہو گی

فواد چودھری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کل ہو گی
کیپشن: فواد چودھری کی ضمانت کیلئے درخواست دائر

ایک نیوز:  پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر کل سماعت کریںگے ۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں فواد چودھری کے وکلا کیجانب سے ضمانت بعد از گرفتار ی دائر کی گئی۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ فواد چودھری پرجھوٹے الزامات لگائے گئے اور انہیں مقدمے میں غلط نامزد کیا گیا۔

درخواست کے متن کے مطابق مدعی صرف فواد چوہدری کو ہراساں اور بلیک میل کرنا چاہتا ہے۔ درخواست میں فواد چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی استدعا کی گئی۔

تاہم فواد چودھری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کس عدالت میں ہوگی؟ یہ ایک معمہ بن گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چودھری کی درخواست ضمانت پر سماعت سے انکار کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ وقاض احمد راجہ نے فواد چودھری کی ضمانت کی درخواست واپس کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ضمانت پر میرا دائرہ اختیار نہیں، متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔

ادھر دوسری جانب فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ درخواست ضمانت پر قانونی مسئلہ درپیش ہے،طے نہیں ہو رہا کہ درخواست ضمانت مجسٹریٹ سنے گا یا کوئی اور ؟۔

 پی ٹی آئی کے وکلا فواد چودھری کی درخواست ضمانت لے کر دوبارہ  سیشن جج طاہر محمود کی عدالت میں پہنچ گئے۔فواد چودھری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی سماعت کریں گے۔

سیشن جج طاہر محمود نے درخواست ضمانت ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی کو بھیج دی ہے۔پی ٹی آئی کے وکلا فواد چودھری کی درخواست ضمانت لے کر ایڈیشنل  سیشن جج فیضان حیدر گیلانی کی عدالت میں پہنچ گئے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔